ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سعودی عرب کووِڈ-19 کی ویکسین وصول کرنے والے اوّلین ممالک میں سے ہوگا: ترجمان

سعودی عرب کووِڈ-19 کی ویکسین وصول کرنے والے اوّلین ممالک میں سے ہوگا: ترجمان

Mon, 07 Dec 2020 17:13:38  SO Admin   S.O. News Service

ریاض،7/دسمبر(آئی این ایس انڈیا)  سعودی عرب کووِڈ-19 کی ویکسین وصول کرنے والے اوّلین ممالک میں سے ہوگا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ ’’مملکت نے ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں سے اہم سمجھوتے طے کرلیے ہیں۔‘‘البتہ انھوں نے ان کمپنیوں کے نام نہیں بتائے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ’’سعودی عرب میں ویکسین دستیاب ہونے کی صورت میں رجسٹریشن کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔اس میں ویکسین لگوانے کے خواہاں افراد اپنے ناموں کا اندراج کراسکیں گے۔اس کی تفصیل کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’حکام ویکسین کے تحفظ اور مؤثریت کو یقینی بنانے کے معاملے میں محتاط ہیں اور اس کی ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں منظوری دیں گے۔

دریں اثناء سعودی وزارتِ صحت نے ہفتے اور اتوار کو کرونا وائرس کے صرف 200 سے کم یومیہ کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔سعودی عرب میں اب تک کووِڈ-19 کے 358713 کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔ ان میں سے 348879 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 5965 وفات پا چکے ہیں۔

سعودی عرب میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ جون اور جولائی میں اس وبا کے عروج کے دنوں میں چارہزار سے چھے ہزار تک یومیہ کیس ریکارڈ کیے جارہے تھے۔

ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جہاں بہتری آئی ہے اور کرونا وائرس کے کیسوں کی شرح میں روزبروز کمی واقع ہورہی ہے۔ہم حتمی مراحل میں ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ مرحلے سب کے لیے تیز رفتار، محفوظ اور صحت مند ہوں گے۔‘‘


Share: